ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / بھٹکل میں آدھار کارڈ کیمپ کے پہلے دن جمع کرائی گئیں 115 درخواستیں؛ تنظیم نے کی ہرممکن تعاون کی پیش کش؛ ایک ہفتہ تک چلے گا کیمپ

بھٹکل میں آدھار کارڈ کیمپ کے پہلے دن جمع کرائی گئیں 115 درخواستیں؛ تنظیم نے کی ہرممکن تعاون کی پیش کش؛ ایک ہفتہ تک چلے گا کیمپ

Mon, 20 May 2024 01:54:43    S.O. News Service

بھٹکل20 مئی (ایس او نیوز) نورحلقہ کے زیراہتمام انجمن نور پرائمری اسکول میں منعقدہ آدھار کارڈ کیمپ کے پہلے دن 115 درخواستیں جمع کرائی گئیں، جبکہ  150 لوگوں  کو ٹوکن فراہم کئے گئے تھے۔ کیمپ کے دوسرے دن  پیر کو  150 سے زائد لوگوں کی درخواستیں جمع  کرانے کی کوشش کی جائیں گی ، مگر  کیمپ میں شریک ہونے والوں کے لئے ضروری ہے کہ وہ اپنے  اصلی دستاویزات لے کر کیمپ  پہنچے۔ یہ بات نورحلقہ کے  کنوینرعبدالسمیع  صدیق نے بتائی۔ انہوں نے کہا کہ  اکثر لوگ کیمپ میں دستاویزات کے   زیراکس  لے کر پہنچے تھے، جس کی وجہ سے  کئی ایک کو واپس بھیجنا پڑا۔

صبح دس بجے جیسےسے  مینگلور کی آدھار سیوا کیندرا کے  ذمہ داران بھٹکل پہنچے، وہ سیدھے انجمن نور اسکول پہنچ کر کام پر لگ گئے۔ اس موقع پر کثیر تعداد میں عوام  کیمپ میں شریک ہوئے تھے۔

پروگرام کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انجمن حامئی مسلمین بھٹکل کے صدر جناب محمد یونس قاضیا نے  نورحلقہ کی جانب سے منعقدہ آدھارکارڈ کیمپ کو وقت کی اہم ضرورت قرار دیا اور کہا کہ اس سے قبل نورحلقہ کی جانب سے جو ووٹر شناختی کارڈ کا کیمپ منعقد کیا گیا تھا وہ بھی بے حد اہم تھا۔  جناب یونس صاحب نے بتایا کہ     عوام کے لئے ضروری ہے کہ اُن کے پاس  ضروری دستاویزات  بالخصوص ووٹر شناختی کارڈ، آدھار کارڈ،  راشن کارڈ اور برتھ سرٹی فیکٹ موجود ہوں، اگر    یہ دستاویزات نہیں بنائے ہیں، تو پہلی فرصت میں اسے بنانا ضروری ہے۔ قومی سماجی ادارہ مجلس اصلاح و تنظیم کے  جنرل سکریٹری عبدالرقیب ایم جے ندوی نے  کیمپ  کے انعقاد پر نہایت خوشی کا اظہار کرتے ہوئے   اس طرح کے کیمپ کے لئے تنظیم کی جانب سے  ہرممکن تعاون فراہم کرنے کی پیش کش کی۔ بھٹکل مسلم یوتھ فیڈریشن کے صدر عزیزالرحمن رکن الدین ندوی نے  بتایا کہ  ووٹر آئی ڈی  کے کامیاب کیمپ کے بعد نورحلقہ نے  جس طرح آج  آدھار کارڈ کیمپ  منعقد کیا ہے، اس سے ہمارے   لوگوں کو بہت زیادہ فائدہ ہوا ہے۔انہوں نے شہر کے تما م لوگوں سے درخواست کی کہ اس کیمپ سے بھرپور فائدہ اُٹھائیں ۔ انہوں نے  شہر کے دیگر اسپورٹس سینٹروں   پر زور دیا کہ وہ  بھی    اپنے اپنے علاقوں میں اس طرح کے کیمپ   کا انعقاد کرکے  عوام الناس کے لئے  سہولیات فراہم کریں۔ کیمپ کو کامیابی کے ساتھ  ہمکنار کرنے میں سرگرم مبشر حُسین ہلارے نے بتایا کہ  بھٹکل میں آدھار کارڈ  بنوانے کو لے کر عوام سخت پریشان تھے ، ہم نے  اس کیمپ کے ذریعے افسران کو ہی عوام کے سامنے لاکھڑا کردیا ہے، عوام کے لئے ضروری ہے کہ وہ پہلی فرصت میں اپنے اور اپنے گھرکے تمام لوگوں کے آدھار کارڈس بنوائیں۔ اسی طرح    جن لوگوں کے پہلے سے کارڈس بن کر تیار ہیں، اُن کے لئے بھی ضروری ہے کہ  وہ اپنے کارڈس کو آپڈیٹ کرنے کے لئے  بھی  اس کیمپ  کارُخ کریں۔

آدھار کارڈ سیوا کیندرا مینگلور ٹیم کی قیادت محترمہ شیتل کررہی تھی، جبکہ  UIDAI بینگلور سے  خصوصی طور پر مُصعب قاضی بھی کیمپ میں شریک  تھے۔  آدھار کارڈ     کے لئے  کثیر تعداد میں شریک لوگوں کی رہنمائی کے لئے   نورحلقہ کے   تمام چھ اسپورٹس سینٹروں  (  نور اسپورٹس سینٹر، الایمان اسپورٹس سینٹر،  سوپر اسٹار اسوسی ایشن،  شاہین مخدوم اسپورٹس سینٹر ، الہلال اسوسی ایشن اور مون اسٹار اسپورٹس سینٹر) کے ذمہ داران اور والنٹیرس موجود تھے۔


Share: